ہمالیہ میں کوہ پیماؤں کے کیمپ کی تیاری کے دوران برفانی تودہ گرنے سے 15 نیپالی کارکن جاں بحق
- شمالی ضلع منانگ میں 7,126 میٹر بلند ہملنگ ہمال کے بیس کیمپ میں نیپالی کارکن خیمے نصب کرنے اور رسیاں باندھنے میں مصروف تھے
وسطی نیپال میں غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے پہاڑی کیمپ تیار کرنے والے کم از کم 15 نیپالی کارکن برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رواں ماہ ختم ہونے والے موسم خزاں کے کوہ پیمائی سیزن کا یہ سب سے ہلاکت خیز واقعہ ہے۔
ہفتے کے آخر میں شمالی ضلع منانگ میں 7,126 میٹر بلند ہملنگ ہمال کے بیس کیمپ پر برفانی تودہ گر گیا، جہاں نیپالی کارکن خیمے نصب کرنے اور رسیاں باندھنے میں مصروف تھے۔ ایک کارکن تاحال لاپتا ہے۔
نیپال نیشنل ماؤنٹین گائیڈ ایسوسی ایشن کے صدر تل سنگھ گرونگ کے مطابق ریسکیو اہلکار اب تک جائے وقوعہ سے 15 لاشیں نکال چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو برف تلے سے 8 لاشیں نکالی گئیں جبکہ 7 لاشیں رواں ہفتے کے آغاز میں برآمد ہوئی تھیں۔
گرونگ نے رائٹرز کو بتایا کہ آج ملنے والی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ان کے مطابق لاپتا کارکن کے زندہ ملنے کے امکانات کم ہیں اور ریسکیو آپریشن جلد ختم کیے جانے کا امکان ہے۔
برفانی تودہ گرنے کے وقت غیر ملکی کوہ پیما جائے وقوعہ تک نہیں پہنچے تھے۔