✕
ٹیکنالوجی

پاکستانی فن ٹیک کمپنی ابھی کی یو اے ای میں توسیع، نِم کارڈ سے شراکت داری

  • شراکت داری کے تحت ’ابھی‘ کے کاروباری مالیاتی حل اور نِم کارڈ کے کارڈ و ادائیگیوں کے انفرااسٹرکچر کو یکجا کیا جائے گا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستانی ایمبیڈڈ فنانس پلیٹ فارم اور فن ٹیک کمپنی ابھی اور متحدہ عرب امارات میں قائم ادائیگیوں کے انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والی کمپنی نِم کارڈ نے منگل کو اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد یو اے ای میں مالیاتی اداروں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے زیادہ مؤثر قرضہ جاتی سہولیات فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔

ایک بیان کے مطابق اس شراکت داری کے تحت ’ابھی‘ کے کاروباری مالیاتی حل اور نِم کارڈ کے کارڈ و ادائیگیوں کے انفرااسٹرکچر کو یکجا کیا جائے گا۔ اس سے ایس ایم ایز کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ، قرض کی درخواست، کریڈٹ فیصلہ سازی اور منظور شدہ رقم کی فراہمی تک کے اہم مراحل کو بہتر بنایا جاسکے گا۔

مشترکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے بینک اور لائسنس یافتہ مالیاتی ادارے روایتی طور پر بکھرے ہوئے عمل کو مربوط بنا سکیں گے، جس سے صارفین کی تیز تر رجسٹریشن، قرض کی درخواست اور کریڈٹ فیصلہ سازی کے بعد منظور شدہ رقم کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی۔

نِم کارڈ کے چیف بزنس آفیسر شیراز علی نے کہا کہ یو اے ای میں ایس ایم ایز کو قرض فراہم کرنے کے طریقہ کار کو ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق دونوں کمپنیوں کی صلاحیتوں کو یکجا کرنے سے مالیاتی ادارے زیادہ تیزی سے کام کرسکیں گے، پیچیدگی کم ہوگی اور ایسے قرضہ جاتی حل متعارف کرائے جاسکیں گے جنہیں بڑے پیمانے پر وسعت دی جاسکے۔

’ابھی‘ کے اے وی پی سیلز اینڈ پارٹنرشپس زین علی نے کہا کہ ایس ایم ایز کو مالیاتی مصنوعات تک تیز اور آسان رسائی کی ضرورت ہے اور ٹیکنالوجی بینکوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

’ابھی‘ ارنڈ ویج ایکسس اور ایس ایم ای فنانسنگ سمیت مختلف مالیاتی حل فراہم کرتی ہے، جن میں ابھی سیلری، ابھی کاروبار، ابھی پے رول اور ابھی پے شامل ہیں۔ کمپنی کے پاکستان، یو اے ای، سعودی عرب اور عمان میں 10 لاکھ سے زائد صارفین اور 7 ہزار سے زیادہ کاروباری شراکت دار ہیں۔

دوسری جانب نِم کارڈ مکمل ادائیگیوں کا انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔ یہ ویزا اور ماسٹرکارڈ کی پرنسپل ممبر ہے، 10 مارکیٹس میں کام کرتی ہے اور 60 سے زائد کلائنٹس کے ساتھ شراکت داری رکھتی ہے۔