بلوچستان، خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 7 دہشتگرد ہلاک
- صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران کم از کم 7 دہشتگرد مارے گئے۔
ریڈیو پاکستان نے منگل کو سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کارروائی کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنتہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگا دی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
دریں اثنا خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز، صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔ پوری قوم کو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جرات اور بہادری پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ پاکستان نے عالمی امن کے قیام اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے ہزاروں بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کی قربانیاں دی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کی بہادر مسلح افواج میں پاکستان، خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم اور صلاحیت موجود ہے۔ دوست ممالک اور اتحادیوں کے تعاون سے امن و استحکام کے دشمنوں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔