✕
کاروبار اور معیشت

ٹیکس بارز اور تجارتی تنظیموں کا ریٹرن کی ڈیڈ لائن بڑھانے کا مطالبہ

  • اس وقت تقریباً 30 لاکھ ریٹرنز فائل کیے گئے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

ملک بھر کی تقریباً تمام ٹیکس بار ایسوسی ایشنز، چیمبرز/فیڈریشنز اور تجارتی تنظیموں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے کیونکہ اتوار کو نظام ریٹرنز وصول کرنے میں ناکام رہا، ریٹرن فارم کا نوٹیفکیشن تاخیر سے جاری کیا گیا، آئی آر آئی ایس پورٹل میں تکنیکی مسائل کا سامنا رہا اور اضافی معلومات ظاہر کرنے کی وسیع ضروریات عائد کی گئی ہیں۔

یہ مطالبات پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن ، گجرات ٹیکس بار ایسوسی ایشن، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن، راولپنڈی ٹیکس بار ایسوسی ایشن، ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور ملک بھر کی دیگر ایسوسی ایشنز اور تنظیموں کی جانب سے کیے گئے ہیں۔

آئی کیپ کی فِسکل لاز کمیٹی کے سینئر رکن آصف ایس کاسبتی نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ اس وقت تقریباً 30 لاکھ ریٹرنز فائل کیے گئے ہیں جو گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے متوقع 80 لاکھ یا اس سے زائد غیر تاجر افراد کے ریٹرنز کے مقابلے میں بہت کم تعداد ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ این ٹی این ہولڈرز کو کم از کم ایک ماہ کی توسیع شدہ مدت کے دوران اپنے ریٹرنز فائل کرنے کا موقع دیا جائے جس کا اعلان ایف بی آر 30 ستمبر کی صبح کرسکتا ہے تاکہ لاکھوں توسیع کی درخواستوں سے بچا جاسکے۔