مارش جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی قیادت برقرار رکھیں گے
- کمنز نے 2023 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ممکنہ 31 میں سے صرف دو ون ڈے کھیلے ہیں
مچ مارش جنوبی افریقہ کے خلاف جمعرات کو کنگزمیڈ میں ہونے والے پہلے ون ڈے میں بھی آسٹریلیا کی قیادت کریں گے، جب کہ ٹیم کے مستقل کپتان پیٹ کمنز بھی دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوچکے ہیں۔
کمنز کو زمبابوے کے خلاف گزشتہ ہفتے کی تین میچوں کی سیریز میں آرام دیا گیا تھا، جہاں مارش کی قیادت میں آسٹریلیا نے پہلے دو میچز باآسانی جیتے، جبکہ آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔
مارش نے بتایا کہ کمنز کی توجہ ٹیسٹ سیریز کی تیاری پر ہے، جو اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہوگی، تاہم وہ ون ڈے سیریز کے دوران کسی مرحلے پر کھیل سکتے ہیں۔
کمنز نے 2023 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو چیمپئن بنانے کے بعد ممکنہ 31 میں سے صرف دو ون ڈے کھیلے ہیں۔ وہ تقریباً دو سال قبل ایڈیلیڈ میں پاکستان کے خلاف نو وکٹوں سے شکست کے بعد سے 50 اوورز کی کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی نہیں کرسکے۔