✕
کاروبار اور معیشت

سونے کی قیمت میں کمی، شرح سود بلند رہنے کے خدشات سے مارکیٹ کا اعتماد متاثر

  • اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد کم ہوکر 4,345.55 ڈالر فی اونس رہی
شائع اپ ڈیٹ

سونے کی قیمت میں بدھ کو کمی دیکھی گئی کیونکہ سرمایہ کار اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ بڑی مرکزی بینکیں مسلسل مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کے تحت شرح سود کو طویل عرصے تک بلند سطح پر برقرار رکھ سکتی ہیں۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد کم ہوکر 4,345.55 ڈالر فی اونس رہی۔

دسمبر میں ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,383.10 ڈالر پر بند ہوئے۔

ڈالر دو ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہا۔

مضبوط ڈالر غیر ملکی خریداروں کے لیے ڈالر میں فروخت ہونے والے سونے کو مزید مہنگا کر دیتا ہے۔

کائل روڈا نے کہا کہ مختصر مدت میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا زیادہ تر انحصار اس بات پر ہوگا کہ تیل کی قیمتیں کس سمت جاتی ہیں اور مشرق وسطیٰ میں کیا پیش رفت ہوتی ہے۔

تاہم سونے کی قیمت کو طویل مدت میں سہارا دینے والے بنیادی عوامل اب بھی بہت مضبوط ہیں۔

اگرچہ سونے کو اکثر مہنگائی کے خلاف تحفظ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، تاہم شرح سود بلند ہونے سے منافع دینے والی سرمایہ کاری پر ریٹرن بڑھ جائے تو سونے کی کشش عموماً کم ہوجاتی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایران کو نیست و نابود کرسکتے ہیں، تاہم اقوام متحدہ میں جاری سفارتی کوششوں کے درمیان انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ معاہدہ جلد طے پاسکتا ہے۔

بوسٹن فیڈرل ریزرو کی صدر سوزن کولنز نے لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے امریکی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے فیصلے کی حمایت کی کیونکہ اس بات کے خطرات موجود ہیں کہ مستقبل میں مہنگائی 2 فیصد کے ہدف سے زیادہ رہ سکتی ہے۔

سوزن کولنز نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ شرح سود میں مزید اضافے کی خواہشمند ہیں۔

گزشتہ ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو نے اپنی بینچ مارک شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 3.75 سے 4.00 فیصد کردیا تھا اور عندیہ دیا تھا کہ سال کے اختتام سے قبل مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

بینک آف جاپان اور یورپی مرکزی بینک نے بھی حالیہ عرصے میں شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔

بی ایم آئی کے تجزیہ کاروں نے 2026 کے لیے سونے کی قیمت کی اوسط پیش گوئی 4,400 ڈالر فی اونس پر برقرار رکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جغرافیائی سیاسی خطرات کی بلند سطح اور مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل خریداری سے اس کی قیمت کو 3,800 ڈالر فی اونس کے قریب مضبوط سہارا ملنے کی توقع ہے۔

دیگر دھاتوں میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.6 فیصد کمی سے 66.70 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1 فیصد کمی سے 1,815.11 ڈالر اور پیلاڈیم 0.5 فیصد کمی سے 1,301.60 ڈالر فی اونس ہوگئی۔