✕
کاروبار اور معیشت

فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے سی ای او کاشان حسن مستعفی

  • کاشان حسن کمپنی کی پالیسی کے مطابق نوٹس پیریڈ مکمل ہونے تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے، نوٹس
شائع اپ ڈیٹ

فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان (ایف سی ای پی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کاشان حسن نے چیف ایگزیکٹو اور ڈائریکٹر کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ۔

کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔

کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائی گئی دستاویز میں کہا کہ کاشان حسن نے فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ کاشان حسن کمپنی کی پالیسی کے مطابق نوٹس پیریڈ مکمل ہونے تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

کمپنی نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز مناسب وقت پر نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کا تقرر کرے گا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پیدا ہونے والی عارضی خالی نشست کو متعلقہ قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق پُر کیا جائے گا۔

کاشان حسن کو سیلز، کسٹمر مینجمنٹ، مارکیٹنگ اور ٹریڈ مارکیٹنگ سمیت مختلف کمرشل شعبوں میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کے کیریئر میں پاکستان، جنوبی افریقہ، برطانیہ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سمیت مختلف مارکیٹوں میں علاقائی اور عالمی سطح کے متعدد عہدے شامل ہیں۔

ایف سی ای پی ایل میں شمولیت سے قبل کاشان حسن شان فوڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر فائز تھے۔

ایف سی ای پی ایل سکھر اور ساہیوال میں دو پیداواری پلانٹس اور نارا میں ایک ڈیری فارم چلاتی ہے جبکہ اسے 1,300 سے زائد دودھ جمع کرنے والے مراکز کا تعاون حاصل ہے۔ کمپنی ڈیری مصنوعات اور منجمد میٹھے کی تیاری، پروسیسنگ اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔