حکومت نے مسابقتی بجلی مارکیٹ کے تحت 400 میگاواٹ کی پہلی نیلامی کا آغاز کردیا
- پہلی وھیلنگ نیلامی کا آغاز درخواست برائے تجاویز (آر ایف پی) جاری کرکے کردیا گیا
پاکستان نے بجلی کے شعبے میں اپنی پہلی وھیلنگ نیلامی کا آغاز درخواست برائے تجاویز (آر ایف پی) جاری کرکے کردیا ہے، جو بجلی کی مارکیٹ کو سنگل بائر ماڈل سے مسابقتی تھوک بجلی کے نظام میں منتقل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے مطابق یہ اقدام مسابقتی ٹریڈنگ باہمی معاہدہ مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کے تحت کیا جارہا ہے۔
وھیلنگ آکشن گائیڈ لائنز 2025 کے تحت آئندہ پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی، جبکہ پہلی نیلامی میں 400 میگاواٹ بجلی پیش کی جائے گی۔
نیلامی کے ذریعے اہل شرکا کو قومی ترسیلی اور تقسیمی نیٹ ورک تک رسائی حاصل ہوگی اور وہ مسابقتی مارکیٹ میں دوطرفہ بجلی کے لین دین میں حصہ لے سکیں گے۔
نیلامی کا عمل پانچ مراحل پر مشتمل ہوگا، جن میں نیلامی کی دستاویزات کا اجرا، اہلیت کا جائزہ، بولیوں کا جائزہ، نیلامی کے نتائج کی منظوری اور بجلی کے مقررہ حجم کا ایوارڈ شامل ہیں۔
وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان کے بجلی کی خریداری کے نظام کو مسابقتی مارکیٹ میں تبدیل کرنے کا مقصد گزشتہ تین دہائیوں سے زیر غور تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اب صرف پالیسی وعدوں سے آگے بڑھ چکی ہے اور عملی نفاذ کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ پہلی وھیلنگ نیلامی بجلی پیدا کرنے والوں اور بڑے صارفین کو شفاف طریقہ کار کے ذریعے براہِ راست بجلی خریدنے اور فروخت کرنے کے قابل بنائے گی۔
وزیر توانائی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فائدہ ہوگا، جبکہ مسابقتی نظام کے فوائد بتدریج عام صارفین تک بھی پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسابقتی بنیادوں پر نسبتاً سستی بجلی تک رسائی سے صنعتوں کو پیداواری لاگت کم کرنے، عالمی منڈیوں میں مسابقت بہتر بنانے اور برآمدات بڑھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ آر ایف پی کا اجرا ایک شفاف اور قابلِ اعتماد وھیلنگ نیلامی کا عمل قائم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جس میں اہلیت کے جائزے سے لے کر بجلی کے مقررہ حجم کے ایوارڈ تک تمام مراحل واضح طور پر متعین کیے گئے ہیں۔ پورا عمل ایک مخصوص نیلامی پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
وزیر کی ہدایات کے مطابق انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے اہل شرکا کو اس عمل میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے اور انہیں رہنمائی پر مبنی مواد اور دیگر معاون وسائل فراہم کرے گا۔
آئی ایس ایم او شرکا کو نیلامی کے طریقہ کار، تجاویز جمع کرانے کی ضروریات اور نیلامی پلیٹ فارم کے استعمال کو سمجھنے میں مدد دینے کے لیے وضاحتی ویڈیوز کا سلسلہ بھی جاری کرے گا۔
آر ایف پی میں اہلیت کے معیار، تجاویز جمع کرانے کی ضروریات، مقررہ فارمیٹس، نیلامی کے طریقہ کار اور مکمل ٹائم لائن شامل ہے۔
وزارت نے کہا کہ آر ایف پی اور متعلقہ دستاویزات آئی ایس ایم او کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔