بھارتی کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ وائبھَو سوریہ ونشی کو ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اپنی باری کا انتظار کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کے دوران 15 سالہ باصلاحیت کھلاڑی کو ٹیم سے باہر رکھا گیا۔
سیریز میں بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ جمعرات کو نئی دہلی میں 127 رنز کی فتح کے دوران ابھیشیک نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تیسری تیز ترین سنچری اسکور کی۔
سوریہ ونشی رواں سال کی انڈین پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے جولائی میں انگلینڈ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا، تاہم ٹاپ آرڈر کے بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
اسی ماہ کے آخر میں انہوں نے ہرارے میں زمبابوے کے خلاف دو نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم اس کے بعد سے وہ بھارت کی جانب سے نہیں کھیلے۔
گمبھیر نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاہے آپ 15 سال کے ہوں یا 30 سال کے، جب آپ کو اپنے موقع کا انتظار کرنا ہو تو انتظار کرنا ہی پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس میں کس قدر صلاحیت ہے اور وہ کیا کرسکتا ہے لیکن جو کھلاڑی گزشتہ دو سے تین برس سے مسلسل کارکردگی دکھا رہا ہو، وہ ہمیشہ اس کھلاڑی سے آگے رہے گا جو ابھی ٹیم میں شامل ہوا ہے۔
سوریہ ونشی بھارت کی ایشین گیمز مہم کے لیے ناگویا روانہ ہوں گے، جہاں ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل سے قبل منگل کو میزبان جاپان کے خلاف ایک میچ پر مشتمل ٹی20 مقابلہ کھیلا جائے گا جبکہ ایشین گیمز کا کوارٹر فائنل 28 ستمبر کو ہوگا۔
گمبھیر نے مزید کہا کہ جب بھی اسے موقع ملے گا، اسے زیادہ مواقع بھی دیے جائیں گے، ہم ڈریسنگ روم میں مسابقت اور باصلاحیت کھلاڑی چاہتے ہیں۔