✕
کھیل

سکیورٹی خدشات، پاکستان کا بھارت میں ہاکی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

  • ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت میں شیڈول ہے، اے ایچ ایف سے ایشین چیمپئنز ٹرافی کسی محفوظ ملک منتقل کرنے کا مطالبہ
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم سیکیورٹی خدشات کے باعث ایشیائی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی اور ایونٹ کو کسی محفوظ ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان اور دیگر پانچ ممالک کو 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت کے شہروں موہالی اور جالندھر میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنا تھی۔

نئی دہلی کی جانب سے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد دوطرفہ کھیلوں کے روابط معطل کیے جانے کے بعد سے بھارتی اور پاکستانی ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ بھارت نے ان حملوں کا الزام سرحد پار موجود عسکریت پسندوں پر عائد کیا تھا۔

جوہری ہتھیار رکھنے والے روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان گہری بداعتمادی پائی جاتی ہے، جبکہ گزشتہ سال کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے، جن میں زیادہ تر ہندو تھے، کے بعد دونوں ممالک کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والی ہلاکت خیز کشیدگی بھی ہوئی تھی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ بھارت کا دورہ نہ کرنے کے فیصلے سے ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

محی الدین وانی نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حساس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو بھارت بھیجنا مناسب نہیں، اس لیے ہم نے اے ایچ ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ ایونٹ کو کسی زیادہ محفوظ ملک منتقل کیا جائے۔

پاکستان نے گزشتہ سال بھی سیکیورٹی خدشات اور سرحدی کشیدگی کے باعث بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔