این بی پی نے پاسپورٹ فیس کی ڈیجیٹل ادائیگی کیلئے راست پی ٹو ایم کیو آر متعارف کرادیا
- شہری شریک بینکوں کی موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے باآسانی پاسپورٹ فیس ادا کرسکیں گے
نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے راست۔پرسن ٹو مرچنٹ (پی ٹو ایم) کیو آر کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی ڈیجیٹل وصولی کی سہولت متعارف کرادی ہے جس سے شہری شریک بینکوں کی موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے باآسانی پاسپورٹ فیس ادا کرسکیں گے۔
یہ اقدام این بی پی کے جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم قدم اور حکومت پاکستان کے وسیع تر کیش لیس پاکستان ایجنڈے کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا اور سرکاری ادائیگیوں اور وصولیوں کو تیزی سے ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنا ہے۔
ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور باہمی تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس چوہدری محمد علی رندھاوا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ این بی پی ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے این بی پی کے ایس ای وی پی و گروپ چیف/سی ایف او، فنانشل کنٹرول گروپ عبد الوحد سیٹھی، ایس ای وی پی و گروپ چیف آپریشنز گروپ فیصل ٹوپرا، اور سی ڈی او و گروپ چیف، ڈیجیٹل بینکنگ گروپ عدنان ناصر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں راست کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی کیش لیس ادائیگی سلوشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ڈیجیٹل ادائیگی کے مزید طریقوں پر بھی غور کیا گیا، جن میں پی ایس آئی ڈی پر مبنی متبادل ادائیگی کا طریقہ کار بھی شامل ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کے لیے ادائیگی کے عمل کو مزید آسان بنانا اور پاسپورٹ فیس کی وصولیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر این بی پی کے ایس ای وی پی و گروپ چیف/سی ایف او، فنانشل کنٹرول گروپ عبد الواحد سیٹھی نے کہا کہ این بی پی میں ہم ڈیجیٹل تبدیلی کو قابل رسائی، مؤثر اور صارف دوست خدمات کا اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ہمیں حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیش لیس معیشت کے ایجنڈے میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے ۔ ہم ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مالیاتی خدمات کو شہریوں کے لیے مزید آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے این بی پی کی کاوشوں اور تعاون کو سراہا۔
اس اقدام کی کامیاب تکمیل سے باہم مربوط ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور حکومتی وصولیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں این بی پی کا کردار مزید مستحکم ہوا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے عین مطابق ہے۔ راست پاکستان کا فوری ادائیگی کا نظام ہے، جو افراد، کاروباری اداروں اور سرکاری اداروں کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں کو تیز،آسان اور مؤثر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔