✕

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو کہا کہ غالباً ایران ہی سعودی عرب پر کیے گئے فضائی حملے کا ذمہ دار ہے جس کے نتیجے میں مملکت کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن بند ہوگئی۔ یہ پائپ لائن سعودی عرب سے خام تیل کی برآمد کی اہم گزرگاہوں میں شامل ہے اور آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتی ہے۔

ڈبلن میں صحافیوں کے سوال پر کہ آیا اہم تیل پائپ لائن پر حملے کا ذمہ دار ایران تھا، ٹرمپ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ غالباً وہی ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بات کی ہے جنہیں انہوں نے اپنا اچھا دوست قرار دیا۔

ٹرمپ نے مزید بتایا کہ یمن کے حوثیوں نے ان کی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور عندیہ دیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکا اس تنازع میں براہِ راست ملوث ہو۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ہمیں اس میں شامل نہ ہونے کو ہی ترجیح دیں گے اور وہ زیادہ تر بحری جہازوں کو گزرنے دے رہے ہیں۔ صرف ایک ملک ہے جس سے وہ زیادہ خوش نہیں ہیں اور ہم اس معاملے کو درست کر لیں گے۔