وزیراعظم اور گیٹس فاؤنڈیشن کا انسداد پولیو اور اہم اصلاحات پر تبادلہ خیال
- پاکستان کے پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت اور مالیاتی شمولیت سمیت ترقی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپانا کوچھر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔
شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں، غذائی تحفظ، ماں اور نومولود کی صحت، غربت میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات حکومت کے گورننس اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقدی سے پاک معیشت کے فروغ کو حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے میں بنیادی حیثیت حاصل ہے۔