فیفا صدارتی انتخاب : تنقید کے باوجود جیانی انفاینٹینو کا دوبارہ میدان میں اترنے کا اعلان
- پولینڈ میں موجودگی کے باوجود انفاینٹینو کا اپنے مستقبل کے سوالات پر تبصرے سے گریز
عالمی فٹبال کی انتظامی باڈی (فیفا) نے تصدیق کی ہے کہ موجودہ صدر جیانی انفاینٹینو شدید تنقید کے باوجود مارچ 2027 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں دوبارہ حصہ لیں گے۔ کامیاب ہونے کی صورت میں وہ 2031 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔
56 سالہ سوئس آفیشل کو ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری لانے کے فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد یہ منصوبہ منسوخ کر دیا گیا۔ یورپی فٹبال باڈی ’یوفا‘ نے ان پر ناقص انتظامیہ کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹورنامنٹس کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی تھی۔
پولینڈ میں ویمنز انڈر 20 ورلڈ کپ کے دوران انفاینٹینو نے صحافیوں کے مستقبل سے متعلق سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔ تاہم انہیں شمالی امریکہ (کونکاکیف)، ایشیا (اے ایف سی)، افریقہ (کاف)، اور جنوبی امریکہ (کونمیبول) سمیت 2034 ورلڈ کپ کے میزبان سعودی عرب کی حمایت حاصل ہے۔
انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کو 18 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرانا ہوں گے۔ فی الوقت انفاینٹینو واحد امیدوار ہیں اور کامیابی کے لیے انہیں فیفا سے منسلک 211 فیڈریشنز کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔