ایس ای سی پی کی محدود انشورنس کاروبار کی فہرست میں کریڈٹ، شورٹی شپ بزنس شامل کرنے کی تجویز
- اس اقدام کا مقصد کمیشن کو ایسے انشورنس اداروں کے لیے داخلے کی شرائط عائد کرنے کے قابل بنانا ہے جو اس نوعیت کا کاروبار کرنا چاہتے ہیں
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کریڈٹ اینڈ شورٹی شپ بزنس کو انشورنس بزنس کی محدود کلاسز کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی پُرزور سفارش کی ہے۔
اس اقدام کا مقصد کمیشن کو ایسے انشورنس اداروں کے لیے داخلے کی شرائط عائد کرنے کے قابل بنانا ہے جو اس نوعیت کا کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ ان شرائط میں کم از کم مالیاتی مضبوطی، آپریشنل صلاحیت، مطلوبہ مہارت، گورننس کے انتظامات اور رسک مینجمنٹ کے معیارات شامل ہوں گے، کیونکہ یہ کاروبار اپنی نوعیت اور خطرات کے اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
ایس ای سی پی نے کریڈٹ اینڈ شورٹی شپ رولز 2018 اور انشورنس رولز 2017 میں اہم ترامیم تجویز کی ہیں، جن کا مقصد کریڈٹ اینڈ شورٹی شپ انشورنس مارکیٹ کی پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق کریڈٹ اینڈ شورٹی شپ کاروبار کے بدلتے ہوئے منظرنامے اور محتاط نگرانی کے نظام، مارکیٹ ڈسپلن، معاہدوں کی وضاحت اور پالیسی ہولڈرز کے تحفظ کو مضبوط بنانے کی ضرورت کے پیش نظر مذکورہ قواعد میں ترامیم زیرِ غور ہیں۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد بانڈز اور گارنٹی معاہدوں میں قانونی وضاحت پیدا کرنا، انشورنس کمپنیوں کی مالیاتی مضبوطی بہتر بنانا، مؤثر انڈر رائٹنگ اور ریزرونگ کے طریقہ کار کو یقینی بنانا اور مارکیٹ کی پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ پاکستان میں زیادہ تر پرفارمنس بانڈز اور موبلائزیشن ایڈوانس گارنٹی کے معاہدے تعمیراتی شعبے سے متعلق ہیں۔ ان میں بینیفشری عموماً غیر مشروط انشورنس یا بینک گارنٹی کا تقاضا کرتے ہیں تاکہ ٹھیکیدار کی ناکامی کی صورت میں فوری طور پر گارنٹی نافذ کی جا سکے۔
تاہم بعض معاملات میں پالیسی دستاویزات میں ان گارنٹیوں کو بیک وقت غیر مشروط قرار دینے کے ساتھ ایسے شقیں بھی شامل کی جاتی ہیں جن کے تحت تنازعات یا ادائیگی کی ذمہ داری کو ثالثی یا معاہدے کی خلاف ورزی کے تعین سے مشروط کیا جاتا ہے۔ ایسی متضاد شقیں گارنٹی کی اصل نوعیت کے حوالے سے ابہام پیدا کرتی ہیں اور کلیم کے مرحلے پر تنازعات کا باعث بنتی ہیں۔
فی الحال کریڈٹ اینڈ شورٹی شپ بزنس انشورنس رولز 2017 کے تحت محدود کلاس میں شامل نہیں، جس کے باعث تمام انشورنس کمپنیاں یہ کاروبار کر سکتی ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق بڑے اور پیچیدہ تعمیراتی منصوبوں کے لیے بانڈز اور گارنٹیز جاری کرنے میں شورٹی انڈر رائٹنگ انتہائی اہم ہے۔ انڈر رائٹرز کو ٹھیکیدار کی مالی حیثیت، لیکویڈیٹی، قرض چکانے کی صلاحیت، سابقہ منصوبوں کی کارکردگی، معاہدوں کی پاسداری اور منصوبے کے حجم، پیچیدگی اور معاہداتی شرائط سمیت مختلف عوامل کا تفصیلی جائزہ لینا ہوتا ہے۔
ایس ای سی پی نے کہا کہ موجودہ نظام میں موٹر تھرڈ پارٹی لازمی انشورنس، ورکرز کمپنسیشن، ایکسیڈنٹ اینڈ ہیلتھ، پروپورشنل ٹریٹی اور نان پروپورشنل ٹریٹی بزنس سمیت کئی شعبوں کو محدود کلاسز قرار دیا گیا ہے۔ اس درجہ بندی کے ذریعے ریگولیٹر لائسنس کے مرحلے پر یہ جانچ سکتا ہے کہ آیا انشورنس کمپنی کے پاس متعلقہ کاروبار کے لیے مطلوبہ مالیاتی استعداد، تکنیکی مہارت، گورننس فریم ورک اور آپریشنل صلاحیت موجود ہے یا نہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026