✕
پاکستان

پی ایس او اور اسلام آباد پولیس نے پائپ لائن سے ایندھن چوری کی کوشش ناکام بنا دی، دو ملزمان گرفتار

  • مشترکہ کارروائی میں چوری شدہ ڈیزل برآمد، غیر قانونی ٹیپنگ کا سامان ضبط
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے اسلام آباد پولیس کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی مشترکہ کارروائی میں سیہالہ تا اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) پائپ لائن سے ایندھن چوری کی کوشش ناکام بنا دی جس کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

صبح تقریباً 4:30 بجے سیہالہ ٹرمینل پر نصب پی ایس او کے مانیٹرنگ سسٹمز نے پائپ لائن میں دباؤ (پریشر) میں غیر معمولی کمی کا پتہ چلایا۔ پیشگی خفیہ معلومات اور ریئل ٹائم نگرانی کی بنیاد پر پی ایس او کی سیکیورٹی ٹیم نے فوری طور پر اسلام آباد پولیس کو آگاہ کیا جس کے بعد تیس منٹ کے اندر مشترکہ چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی گئی۔

کارروائی کے دوران ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ موقع پر پہنچنے والی ٹیموں نے پائپ لائن پر نصب فعال غیر قانونی کلیمپ کو ہٹا دیا اور دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ برآمد ہونے والی اشیاء میں تقریباً ایک ہزار لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل، جو ڈرموں اور کینوں میں ذخیرہ کیا گیا تھا، چوری کی کوشش میں استعمال ہونے والی ایک لوڈر گاڑی اور غیر قانونی ٹیپنگ کا سامان شامل ہے۔

گرفتار ملزمان برآمد شدہ ایندھن اور گاڑی کو قانونی کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کے لیے سیہالہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ مقام کو محفوظ بنا کر پائپ لائن کو دوبارہ آپریشنل حالت میں بحال کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ایس او نے کہا کہ ایندھن کی چوری نہ صرف قومی اثاثوں کے خلاف جرم ہے بلکہ اس سے انسانی جانوں اور مقامی آبادی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ پی ایس او غیر قانونی ٹیپنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

پی ایس او ملک کی توانائی کی ترسیلی زنجیر کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہے اور اہم قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔