ڈیزل کی قیمت میں 3.74 روپے فی لٹر اضافہ، پٹرول 3.13 روپے سستا
- نئی قیمتیں پیر، 7 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی
وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 3.74 روپے فی لٹر اضافہ جبکہ پٹرول کی قیمت میں 3.13 روپے فی لٹر کمی کردی ہے۔ نئی قیمتیں ہفتہ 5 ستمبر سے پیر 7 ستمبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جمعہ کو حکومت کے پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں نظرثانی کی۔
موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی قیمت میں 3.13 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی جس کے بعد اس کی قیمت 349 روپے سے کم ہو کر 345.87 روپے فی لٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 3.74 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد قیمت 374.31 روپے سے بڑھ کر 378.05 روپے فی لٹر ہوگئی۔
نئی قیمتیں پیر تک نافذ العمل رہیں گی جو حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور دیگر لاگت کے عوامل کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل نظرثانی کے معمول کے مطابق ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو ہونے والی قیمتوں کی نظرثانی میں حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2.84 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2.28 روپے فی لٹر اضافہ کیا تھا۔