ای بائیک اسکیم: طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ، اضافی چارجز کی تجویز مسترد
وزیراعلیٰ مریم نواز ای بائیک اسکیم کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد باصلاحیت طلبہ و طالبات کو ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت ای بائیکس پر عائد سود اور انشورنس کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک خصوصی اجلاس میں ای بائیک اسکیم کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ماہانہ قسط کے علاوہ کسی بھی قسم کے اضافی چارجز عائد کرنے کی تجاویز مسترد کردیں۔
اجلاس میں اصولی طور پر طلبہ کے لیے ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم کا دائرہ کار بتدریج سرکاری ملازمین، سرکاری محکموں اور پبلک ڈیلیوری رائیڈرز تک بڑھانے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ای بائیک پورٹل اسی ہفتے کھول دیا جائے اور مستحق طلبہ کو چھ ہفتوں کے اندر ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کیے جائیں۔