✕
دنیا

ہمالیائی لینڈ سلائیڈنگ، چین نے لاپتا 261 غیر ملکیوں کی قومیتیں ظاہر کردیں

  • لاپتا غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد نیپالی شہریوں کی ہے، جن کی تعداد 104 ہے۔ اس کے علاوہ 49 بھارتی، 33 لٹوین، 18 امریکی اور 15 برطانوی شہری بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں
شائع اپ ڈیٹ

چین نے اتوار کو بتایا کہ ہمالیائی خطے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد نیپال سے متصل تبت کی جانب سرحدی گزرگاہ پر 23 ممالک کے 261 غیر ملکی شہری لاپتا ہیں، جبکہ تبت میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

چین کے خودمختار خطے تبت کے حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاپتا غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد نیپالی شہریوں کی ہے، جن کی تعداد 104 ہے۔ اس کے علاوہ 49 بھارتی، 33 لٹوین، 18 امریکی اور 15 برطانوی شہری بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ بیجنگ نے متعلقہ غیر ملکی سفارتی مشنز کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

چینی حکام کے مطابق بدھ کو ایک گلیشیئر کے ٹوٹنے سے برف، چٹانوں، کیچڑ اور ملبے کا شدید سیلاب ہمالیائی دریاؤں میں داخل ہوا، جس کے نتیجے میں تباہی پھیلی۔ ہفتے کی شام تک تبت کے گیریونگ کاؤنٹی میں 16 افراد کے ہلاک اور 546 کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی گئی۔

دوسری جانب نیپال کی ڈیزاسٹر اتھارٹی کے مطابق سرحد کے نیپالی حصے میں کم از کم 675 افراد ہلاک، 2,498 لاپتا اور 7,514 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق قریبی دریائے تریشولی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث رہائشیوں اور امدادی کارکنوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی شروع کردی ہے، جس سے مزید سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔

چین نے اس آفت کو عالمی حدت سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ طویل عرصے سے جاری موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث گلیشیئرز کے عدم استحکام نے تباہی کو جنم دیا۔

چین نے امدادی کارروائیوں کے لیے 2,100 سے زائد ہنگامی کارکن تعینات کیے ہیں اور کم از کم 220 ملین یوآن (32.7 ملین ڈالر) مختص کیے ہیں۔ چین نیپال کو ہنگامی مالی امداد، امدادی سامان، سیٹلائٹ اور ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا سمیت سرنگوں میں ریسکیو کے ماہرین بھی فراہم کر رہا ہے۔

ریڈ کراس کے مطابق اس قدرتی آفت سے 90,000 سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔