نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں : پاور ڈویژن نے زیرِ التوا درخواستیں نمٹانے کی ہدایات جاری کردیں
- پاور ڈویژن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام تقاضے بروقت مکمل کرنے والے صارفین کو غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا
نیٹ میٹرنگ کی زیرِ التوا درخواستوں کا بیک لاگ ختم کرنے کے لیے پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی حالیہ ہدایات پر عملی اقدامات شروع کرتے ہوئے تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) کو فوری عمل درآمد کی ہدایت کردی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق یہ ہدایات ان نیٹ میٹرنگ کنکشنز سے متعلق ہیں جن کے صارفین نے 9 فروری 2026 سے قبل ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی، نیٹ میٹرنگ لائسنس، میٹر کی تبدیلی یا ری پروگرامنگ اور کنکشن آرڈر سمیت تمام ضروری کارروائی مکمل کرلی تھی، مگر ان کے کنکشن تاحال زیرِ التوا ہیں۔
تمام ڈسکوز اور پی آئی ٹی سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیرِ التوا درخواستوں کی مکمل جانچ کریں اور خاص طور پر 9 فروری کی مقررہ تاریخ سے قبل ڈیمانڈ نوٹس کی قابلِ تصدیق ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
پاور ڈویژن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام تقاضے بروقت مکمل کرنے والے صارفین کو غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پی آئی ٹی سی اپنے بلنگ سسٹمز اور سافٹ ویئر کا جائزہ لے گی تاکہ اہل کنکشنز کو فوری طور پر سسٹم میں اپ ڈیٹ کیا جاسکے۔پاور ڈویژن تمام ڈسکوز میں اس عمل کی نگرانی کرے گا۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026