سعودی کاروباری وفد کا ایس آئی ایف سی کا دورہ، سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ
- ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کی بجلی، پٹرولیم، نجکاری صنعت، مواصلات اور شاہراہوں کے شعبوں سے متعلق اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتوں کا انتظام کیا
سعودی پاک مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا، جہاں معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
ایک بیان کے مطابق وفد کے دورے نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔
ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کی بجلی، پٹرولیم، نجکاری صنعت، مواصلات اور شاہراہوں کے شعبوں سے متعلق اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتوں کا انتظام کیا، جبکہ وفد نے نجی شعبے کی نمایاں کمپنیوں سے بھی بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران حکومت سے حکومت (جی ٹو ج ی) اور کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی) کی سرمایہ کاری کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں ایسے ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی جہاں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے مطابق سعودی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ ہے اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
دریں اثنا، منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے سعودی پاک مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں پاکستان آنے والے اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وفد کا موجودہ دورہ سابقہ مذاکرات کو آگے بڑھائے گا اور مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔