✕
مارکٹس

سونے کی قیمت میں اضافہ، مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

  • اسپاٹ گولڈ 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4,668.19 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا
شائع اپ ڈیٹ

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت منگل کو 3 ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی توجہ امریکا کے اہم افراطِ زر کے اعداد و شمار اور رواں ہفتے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کی تقریر پر مرکوز ہوگئی۔

اسپاٹ گولڈ 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4,668.19 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ کاروباری سیشن کے دوران قیمت 14 مئی کے بعد بلند ترین سطح تک گئی۔ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.6 فیصد بڑھ کر 4,724.50 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

آئی جی مارکیٹ اینالسٹ ٹونی سائکامور نے کہا کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں کمی سے متعلق تجارت نے حالیہ اضافے کو مزید تقویت دی۔

انہوں نے کہا کہ سونے کی قیمت میں کمی کی صورت میں خریدار متحرک رہنے کی توقع ہے اور قیمت اگلی مزاحمتی سطح 4,900 سے 5,000 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے طویل مدتی نوٹس اور بانڈز کے لیے لیکویڈیٹی سپورٹ بائی بیک آپریشنز کا حجم دگنا کرنے کے اعلان کے بعد سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ اس اعلان سے امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے خدشات بڑھے۔

ٹی ڈی سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہا کہ ڈالر کی قدر میں کمی کے خدشات آئندہ ہفتوں میں سونے کی قیمت کو مضبوط رکھنے میں مدد دیں گے، کیونکہ فیڈرل ریزرو نے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔

دوسری جانب امریکی ذاتی کھپت کے اخراجات (پی سی ای) رپورٹ بدھ کو جاری ہوگی، جو فیڈرل ریزرو کا ترجیحی افراطِ زر کا پیمانہ ہے۔

فیڈ چیئرمین کیون وارش کی جیکسن ہول کانفرنس میں رواں ہفتے ہونے والی پہلی تقریر بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 0.3 فیصد اضافے سے 69.16 ڈالر، پلاٹینم 0.4 فیصد بڑھ کر 1,883.93 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 0.2 فیصد اضافے سے 1,359 ڈالر فی اونس ہوگیا۔