✕
کاروبار اور معیشت

فیڈ چیئرمین کی تقریر سے قبل سونا 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر

  • اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے سے 4,627.42 ڈالر فی اونس ہوگئی
شائع اپ ڈیٹ

سونے کی قیمتیں پیر کو تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، کمزور ڈالر نے سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا جبکہ سرمایہ کاروں کی توجہ اہم امریکی افراطِ زر کے اعدادوشمار اور اس ہفتے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی تقریر پر مرکوز ہوگئی۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے سے 4,627.42 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ کاروباری سیشن کے دوران اس سے قبل قیمت 15 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا۔

امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 4,683.80 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

کمزور پڑتا ہوا امریکی ڈالر کئی ماہ کی کم ترین سطح کے قریب منڈلاتا رہا جبکہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے طویل مدتی بانڈز واپس خریدنے کے وعدے کے باعث مارکیٹ میں بے یقینی کی صورتحال برقرار رہی۔

امریکی ڈالر کی قدر میں کمی سے دیگر کرنسیوں کے حامل افراد کے لیے ڈالر میں قیمت والا سونا نسبتاً سستا ہوجاتا ہے۔

کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ اینالسٹ ٹم واٹرر نے کہا کہ ہفتے کے آغاز پر سونے کی قیمت میں تیزی نظر آرہی ہے، سونے کی خریداری کا رجحان دوبارہ مضبوط ہوا ہے اور اس کی قیمت بنیادی طور پر کمزور ڈالر سے متاثر ہورہی ہے جبکہ سرمایہ کار بلند بانڈ ییلڈز سے معیشت کو درپیش بنیادی دباؤ اور پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے ممکنہ اشاروں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

رواں ہفتے جولائی کے پرسنل کنزمپشن ایکسپنڈیچرز پرائس انڈیکس کے اعداد و شمار اور جیکسن ہول سمپوزیم میں فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی تقریر پر نظر ہوگی تاکہ امریکی شرح سود کے مستقبل کے حوالے سے مزید اشارے مل سکیں۔

واٹرر نے مزید کہا کہ تاجر پالیسی کے مستقبل کے راستے سے متعلق کسی بھی لہجے میں تبدیلی اور حالیہ بانڈ مارکیٹ کی صورتحال کے ساتھ اس کی مطابقت پر گہری نظر رکھیں گے۔

اگر لہجہ متوازن یا محتاط رہا اور پالیسی میں لچک کی گنجائش برقرار رکھی گئی تو اس سے سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کی راہ ہموار رہنے کا امکان ہے۔

جغرافیائی سیاسی محاذ پر امریکا نے ایران کو اب تک کی سب سے بڑی مالی کارروائی کی دھمکی دی ہے جبکہ وہ ایران کے تجارتی شراکت داروں کو ہدف بنانے والی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

متوقع اعلان سے قبل سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع لینے کے باعث تیل کی قیمتیں ایک ڈالر فی بیرل سے زائد کم ہوگئیں۔

دیگر دھاتوں میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.3 فیصد کمی سے 68.76 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

پلاٹینم 0.5 فیصد کمی سے 1,868.03 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.3 فیصد کمی سے 1,345.87 ڈالر فی اونس ہوگیا۔