✕
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: اسٹارک، شرف الاسلام کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا کو بنگلہ دیش پر 101 رنز کی برتری

  • باؤنس والی پچ پر دن بھر میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں گریں
شائع اپ ڈیٹ

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرز مچل اسٹارک اور شرف الاسلام نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ، چھ وکٹیں حاصل کیں جس کے باعث میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔

آسٹریلیا کے گریٹ بیرئیر ریف ارینا، میکے میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

باؤنس والی پچ پر دن بھر میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں گریں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جواب میں آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنالیے اور 101 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے آل راؤنڈر کیمرون گرین 51 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ نیتھن لائن 10 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اس سے قبل مچل اسٹارک نے تباہ کن سوئنگ بولنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ابتدائی پانچ وکٹیں محض 22 گیندوں میں حاصل کرکے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اسٹارک کی شاندار بولنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم لنچ کے فوراً بعد 64 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 3 جبکہ جوش ہیزل وڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں بنگلہ دیش نے بھی بھرپور جوابی وار کیا اور شرف الاسلام نے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

ٹیم میں واپس آنے والے شرف الاسلام نے 35 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث ڈارون ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔