میزان بینک نے کراچی میں کلفٹن برج پر اپنا پہلا سروس سینٹر قائم کیا ہے جہاں صارفین کو 24 گھنٹے ڈیجیٹل بینکاری سہولتوں کے ساتھ براہِ راست معاونت بھی فراہم کی جائیگی۔
کراچی کے اہم تجارتی اور رہائشی علاقے میں قائم یہ سروس سینٹر صارفین اور کاروباری اداروں کو بینکاری خدمات تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔ یہ سینٹربینکنگ سیکٹر میں منفرد سہولت ہے جہاں صارفین کو چیک اینڈ کیش ڈپازٹ مشینوں کے ذریعے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے ورچوئل ٹیلر کی معاونت دستیاب ہوگی جس سے معمول کے بینک اوقات کے علاوہ بھی بینکاری خدمات حاصل کی جاسکیں گی۔
سروس سینٹر کی نمایاں خصوصیت میزان بینک کی ورچوئل ٹیلر سروس ہے، جو ویڈیو کے ذریعے صارفین کو مرکزی مقام پر موجود بینک کے ٹیلر سے براہِ راست منسلک کرتی ہے۔ لائیو آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے صارفین کو براہِ راست رہنمائی فراہم کی جاتی ہے اور وہ ایسی بینکاری ٹرانزیکشنز بھی مکمل کرسکتے ہیں جن کے لیے عموماً برانچ اسٹاف کی معاونت درکار ہوتی ہے۔
سیلف سروس بینکنگ ٹیکنالوجی کو تربیت یافتہ بینکنگ ماہرین کی براہِ راست معاونت کے ساتھ مربوط کرکے ورچوئل ٹیلر سروس کا مقصد ٹرانزیکشنز کو تیز کرنا، انتظار اور کاغذی کارروائی کا وقت کم کرنا اور صارفین کو اپنی بینکاری ضروریات پر زیادہ اختیار فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کو برانچ بینکاری سے وابستہ براہِ راست معاونت کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جس سے وہ کسی بھی وقت زیادہ سہولت اور اعتماد کے ساتھ اپنی بینکاری ضروریات مکمل کرسکیں گے۔
سروس سینٹر کی افتتاحی تقریب میں میزان بینک کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید عامر علی، چیف آپریٹنگ آفیسر، ریٹیل اینڈ برانچ بینکنگ آپریشنز، ضیاء الحسن، جنرل منیجرا ور ہیڈ آف آپریشنز ابراہیم یعقوب اور بینک کی سینئر مینجمنٹ ے شرکت کی۔
سروس سینٹر پر دستیاب سیلف سروس سہولیات میں مقررہ حدود کے تحت نقد رقم نکلوانا اور جمع کرانا، اکاؤنٹ بیلنس کی معلومات، منی اسٹیٹمنٹ اور فنڈز کی منتقلی شامل ہیں۔ صارفین میزان بینک اور دیگر بینکوں کے چیکس بھی جمع کراسکتے ہیں، میزان بینک کے چیکس کیش کراسکتے ہیں اور 24 گھنٹے ورچوئل ٹیلر کی معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026