گندھارا انڈسٹریز پاکستان میں یو ڈی ٹرک فروخت کرے گی
- کمپنی کو توقع ہے کہ وہ کیلنڈر سال 2027 کی پہلی سہ ماہی سے پاکستان میں یو ڈی ٹرک درآمد اور تقسیم کرے گی
گندھارا انڈسٹریز لمیٹڈ نے پاکستان میں یو ڈی ٹرکٹس کے سی بی یو یونٹس کی مارکیٹنگ اور تقسیم کے لیے دنیا کی معروف ٹرک بنانے والی کمپنی یو ڈی ٹرکٹس کارپوریشن (یو ڈی ٹرکٹس) کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری کی ہے۔
کمپنی نے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو توقع ہے کہ وہ کیلنڈر سال 2027 کی پہلی سہ ماہی سے پاکستان میں یو ڈی ٹرک درآمد اور تقسیم کرے گی۔
گندھارا کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کمپنی کے پروڈکٹ پورٹ فولیو کی توسیع میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے کمپنی کے مستقبل کے ترقیاتی امکانات پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
گندھارا انڈسٹریز لمیٹڈ پاکستان میں 1963 میں قائم ہوئی۔ کمپنی اسوزو ٹرکس، بسوں اور پک اَپس کی اسمبلنگ، مرحلہ وار مینوفیکچرنگ اور فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
دریں اثنا یو ڈی ٹرکس کارپوریشن ایک جاپانی کمپنی ہے جس کا بنیادی کاروبار ڈیزل ٹرکس، بسوں، بس چیسیز اور خصوصی مقاصد کے لیے تیار کی جانے والی گاڑیوں کی تیاری اور فروخت ہے۔