بھارت نے سخت ریگولیٹری نگرانی کے تحت جوہری شعبہ آزمودہ غیر ملکی ٹیکنالوجی کے لیے کھول دیا
- بھارت نے نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے جوہری شعبہ کھولنے کا ترمیمی قانون متعارف کرا دیا
بھارت نے نجی جوہری منصوبوں کی منظوری کے لیے سخت نگرانی پر مبنی نظام تجویز کیا ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک کامیاب اور آزمودہ کارکردگی رکھنے والی غیر ملکی جوہری ٹیکنالوجیز کے لیے راہ ہموار ہوگی، جبکہ ریگولیٹرز کو منصوبوں کی تکمیل کے مختلف اہم مراحل پر پیش رفت روکنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
جمعہ کی رات جاری کیے گئے مسودہ قواعد و ضوابط اس حوالے سے اب تک کی واضح ترین علامت ہیں کہ بھارت کی جانب سے نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے جوہری شعبہ کھولنے کے لیے ترمیمی قانون متعارف کرانے کے باوجود ریگولیٹری اختیار حکومت کے ہاتھ سے نہیں نکلے گا۔
قواعد کے مطابق بیرونِ ملک آزمودہ آپریشنل ریکارڈ رکھنے والے غیر ملکی ری ایکٹر ڈیزائن اہل قرار پائیں گے، جبکہ منصوبہ تیار کرنے والوں کو پورے دورِ حیات میں وسیع حفاظتی جائزوں سے گزرنا ہوگا۔ ریگولیٹرز کو تعمیر سے لے کر ایندھن بھرنے تک مختلف اہم مراحل پر منصوبے کی پیش رفت روکنے کا اختیار حاصل ہوگا۔