پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، وزیراعظم کی بھارت کو وارننگ
- نئی دہلی راہ راست پر نہ آیا تو پاکستان براہِ راست جواب دے گا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر نئی دہلی راہ راست پر نہ آیا تو پاکستان براہِ راست جواب دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے۔
وزیراعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اس کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو درست راستہ اختیار کرنا ہوگا، بصورتِ دیگر اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پانی کا ایک ایک قطرہ ریڈ لائن ہے۔
وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کو معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یادگارِ فتح پاکستان کی مسلح افواج کی برتری کی علامت ہے اور ان کی کارکردگی پر قوم کے فخر کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں اسلام آباد کے کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ بھی اس معاہدے کا حصہ بن چکا ہے جسے انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے۔
وزیراعظم نے افغان حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ طور پر اسلام آباد میں یادگارِ فتح کا افتتاح کیا۔
تقریب میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کے دستوں نے شرکت کی جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پولیس دستے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، وفاقی وزرا، سروسز چیفس، غیر ملکی سفارت کار، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی گورنرز نے بھی شرکت کی۔