پاکستان

محسن نقوی نے وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی اور اہم پیغام ایران کو پہنچا دیا

  • وزیر داخلہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ معاہدے کے بارے میں بھی ایرانی قیادت کو بریفنگ دی
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی قیادت کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی اور اہم پیغام پہنچایا ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر کے دورہ تہران کے دوران یہ پیغام پہنچایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ معاہدے کے بارے میں بھی ایرانی قیادت کو بریفنگ دی اور انہیں اعتماد میں لیا۔

محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب کو مزید آگاہ کیا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل خلیجی ممالک، ایران اور امریکا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

اس سے قبل بلومبرگ نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ایک بار پھر حالات امن معاہدے یا کسی سمجھوتے کے حق میں سازگار ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین روز کے دوران ملنے والے اشارے بتاتے ہیں کہ ہم کسی نہ کسی سمجھوتے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔