اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان بحال، 100 انڈیکس 600 پوائنٹس بڑھ گیا
- صبح 9:40 بجے تک بینچ مارک انڈیکس 180,438.76 پوائنٹس پر جاپہنچا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر خریداری کا رجحان ایک بار پھر بحال ہوگیا جس کی بدولت بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 600 پوائنٹس بڑھ گیا۔
صبح 9:40 بجے تک بینچ مارک انڈیکس 592.08 پوائنٹس یا 0.33 فیصد اضافے سے 180,438.76 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، فرٹیلائزر، آئل و گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور بجلی پیدا کرنے والے اداروں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔ پی پی ایل، ماری، حبکو، این بی پی، ایچ بی ایل، پی او ایل، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیے۔
منگل کو پاکستان نے اشارہ دیا کہ امریکہ اور ایران ایک ایسے سمجھوتے کے قریب پہنچ رہے ہیں جس سے ان کشیدگیوں میں کمی آ سکتی ہے جنہوں نے توانائی کی مارکیٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے منگل کو بلومبرگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’صورتحال ایک بار پھر امن معاہدے یا کسی سمجھوتے کے حق میں بنتی دکھائی دے رہی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کی پچھلے دو تین دنوں کے اشارے یہ ہیں کہ ہم کسی نہ کسی سمجھوتے کے قریب ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر فروخت کے دباؤ میں آگئی جس کی وجہ جغرافیائی سیاسی بے یقینی میں اضافہ، خام تیل کی قیمتوں میں بڑھتا ہوا رجحان اور مستقبل قریب میں امریکا، ایران معاہدے کے امکانات میں کمی تھی۔ بینچ مارک انڈیکس 1,463.60 پوائنٹس یا 0.81 فیصد کمی سے 179,846.68 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی منڈیوں میں بدھ کو اہم امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار سے قبل بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ خطے کی حصص بازاروں میں محتاط انداز میں معمولی تیزی دیکھی گئی۔
جاپان اور امریکا کی جانب سے کرنسی مارکیٹ میں نایاب مداخلت کے بعد حاصل ہونے والے زیادہ تر اضافے کو واپس گنوا دینے کے بعد ین بدھ کو ڈالر کے مقابلے میں تقریباً مستحکم رہا۔
امریکا اور ایران کے حامی یمن کے حوثیوں نے بحری جہازوں کے خلاف الگ الگ حملوں کی اطلاعات دیں جبکہ شمالی کوریا کی جانب سے علی الصبح میزائل داغے جانے کے واقعے نے ایشیا میں بے چینی پیدا کردی۔ مارکیٹوں کی نظریں دن کے آخر میں جاری ہونے والے امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس کے اعدادوشمار پر مرکوز رہیں جن سے فیڈرل ریزرو کی ممکنہ شرح سود میں اضافے کے وقت کے بارے میں اشارے ملنے کی توقع ہے۔
امریکی خام تیل کی قیمت 0.89 فیصد اضافے سے 83.94 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ برینٹ خام تیل 0.78 فیصد بڑھ کر 89.60 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت بھی 0.46 فیصد اضافے سے 4,387.03 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص کا وسیع تر ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.5 فیصد بڑھ گیا جبکہ تعطیل کے بعد مارکیٹ دوبارہ کھلنے پر جاپان کا بینچ مارک نکئی انڈیکس تقریباً مستحکم رہا۔
یہ انٹرا ڈے اپڈیٹ ہے