کاروبار اور معیشت

پی ٹی سی ایل کی ڈیجیٹل والیٹ کے حصول کی رپورٹس کی وضاحت، ہدف حتمی نہیں

  • پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ بائنڈنگ آفر پر مذاکرات جاری، حتمی شکل دینے کا عمل مکمل نہیں ہوا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پیر کو وضاحت کی ہے کہ مجوزہ اکثریتی حصص کے حصول کے حوالے سے کسی مخصوص ہدف کی نشاندہی کرنا قبل از وقت ہے، کیونکہ بائنڈنگ آفر پر مذاکرات جاری ہیں اور ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

یہ وضاحت پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے کیے گئے استفسار کے جواب میں سامنے آئی، جو میڈیا میں آنے والی ان رپورٹس کے بعد کیا گیا تھا جن میں پی ٹی سی ایل کی مجوزہ سرمایہ کاری کو ایک مخصوص ڈیجیٹل والیٹ سے جوڑا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں یہ قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ پی ٹی سی ایل ایک معروف ڈیجیٹل والیٹ کے حصول پر غور کر رہی ہے۔

پی ٹی سی ایل نے جمعہ کو اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا تھا کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک نامعلوم ہدف کمپنی کے اکثریتی حصص کے حصول کے لیے بائنڈنگ آفر جمع کرانے کی منظوری دی ہے، جس کے بعد قیاس آرائیوں میں مزید شدت آگئی۔

صنعتی حلقوں کا خیال تھا کہ مذکورہ ہدف کمپنی کوئی ڈیجیٹل والیٹ ہو سکتی ہے، جس سے پاکستان کے ٹیلی کام اور فن ٹیک شعبوں میں ایک اور بڑی انضمامی پیش رفت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

تاہم، پی ٹی سی ایل نے پیر کو جاری کردہ وضاحت میں زور دیا کہ اس مرحلے پر ہدف کمپنی کی شناخت یا اس کا نام بتانا قبل از وقت ہوگا۔

کمپنی نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کو مائیکروفنانس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی اجازت دی تھی۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق، بعد ازاں بورڈ نے ہدف کمپنی کے اکثریتی حصص کے حصول سے متعلق بائنڈنگ آفر جمع کرانے کی بھی منظوری دی۔

پی ٹی سی ایل نے کہا کہ اگرچہ ہدف کمپنی کے اکثریتی حصص کے حصول کی بولی سے متعلق معلومات عوامی سطح پر گردش کر رہی ہیں، تاہم کسی مخصوص ہدف کمپنی کی نشاندہی کرنا قبل از وقت اور قیاس آرائی پر مبنی ہے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ بائنڈنگ آفر پر مذاکرات جاری ہیں اور اسے حتمی شکل دینے کا عمل بھی جاری ہے، لہٰذا اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس لیے موجودہ مرحلے پر ہدف کمپنی کی شناخت یا نام بتانا قبل از وقت ہوگا۔

مزید برآں، پی ٹی سی ایل نے 21 جولائی 2023 کو جاری کردہ اپنے سابقہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان کے مائیکروفنانس شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بورڈ کی جانب سے کمپنی کو اختیار دیے جانے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا گیا تھا۔

کمپنی نے کہا کہ یہ اختیار بدستور برقرار ہے اور وہ معمول کے کاروباری عمل کے تحت ممکنہ مواقع کا جائزہ لے رہی ہے۔

پی ٹی سی ایل نے مزید کہا کہ مجوزہ لین دین کے حوالے سے اگر کوئی اہم پیش رفت ہوتی ہے یا حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے تو کمپنی قابلِ اطلاق ضوابط کے تحت فوری طور پر اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کرے گی۔

پی ٹی سی ایل نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ اس نوعیت کے لین دین مسابقتی بولی کے عمل سے مشروط ہوتے ہیں، اس لیے اس مرحلے پر کسی بھی ممکنہ نتیجے کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔