کاروبار اور معیشت

ایس ای سی پی نے پاکستانی ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے لیے 1.5 ارب روپے کے سرمائے میں اضافے کی منظوری دے دی

  • ہیوگو بینک کو پاکستانی اور سنگاپوری سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیم کی حمایت حاصل ہے
شائع اپ ڈیٹ

بینکاری کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ہیوگو بینک لمیٹڈ کے اسپانسر شیئر ہولڈرز کو نئے شیئرز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس منظوری سے بینک میں 1.5 ارب روپے کا نیا ایکویٹی انجیکشن (سرمایہ) شامل ہو سکے گا جو پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینکس میں سے ایک کے باقاعدہ آغاز کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس نئے سرمائے کی بدولت ہیوگو بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کم از کم سرمائے کی شرط (ایم سی آر) کو پورا کر سکے گا جو تجارتی بینکاری کے آپریشنز شروع کرنے کے لیے ایک بنیادی ریگولیٹری شرط ہے۔

ہیوگو بینک پہلے ہی پاکستان میں ڈیجیٹل ریٹیل بینک قائم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے ان پرنسپل (اصولی) منظوری حاصل کرچکا ہے۔

یہ بینک اسٹارلائٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے قائم کیا جارہا ہے جس کے اسپانسرز نے ایک جدید ترین ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم کی تشکیل کے لیے تقریباً 6 کروڑ (60 ملین) ڈالرز کا سرمایہ اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے کا تعہد (عہد) کیا ہے۔

ہیوگو بینک کو پاکستانی اور سنگاپوری سرمایہ کاروں پر مشتمل ایک کنسورشیم (اتحاد) کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی قیادت سنگاپور کی ایٹلس کنسولیڈیٹڈ کر رہی ہے جبکہ اس میں دی گیٹز گروپ اور پاکستان کی ملر اینڈ فپس بطور شراکت دار شامل ہیں۔

ڈیجیٹل ریٹیل بینک روایتی برانچ نیٹ ورک (شاخوں) کے بغیر کام کرتے ہیں اور موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن ذرائع سے بینکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارمز پر انحصار کرتے ہیں۔

توقع ہے کہ ان کا یہ کاروباری ماڈل آپریٹنگ اخراجات کو کم کرے گا، صارفین کے لیے سہولت میں اضافہ کرے گا اور خاص طور پر ان طبقوں تک باضابطہ مالیاتی خدمات کی رسائی کو وسیع کرے گا جو اب تک بینکنگ کی سہولیات سے محروم ہیں۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ہیوگو بینک کی آمد سے پاکستان کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی مارکیٹ میں مسابقت مزید شدید ہونے کی توقع ہے۔ صنعتی ماہرین کا ماننا ہے کہ ڈیجیٹل بینکس اکاؤنٹ کھلنے کی تیز رفتار سہولت، کم لاگت ڈیجیٹل ادائیگیوں، فوری فنڈ ٹرانسفر، ڈیجیٹل سیونگز پروڈکٹس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے فراہم کیے جانے والے قرضہ جات کے حل پیش کرکے مالیاتی شمولیت (فائننشل انکلوژن) کے عمل کو تیز کر سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے منظوری دے دی

ایک اور اہم پیش رفت میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہیوگو بینک کو پائلٹ آپریشنز کی منظوری دے دی ہے۔

جاری بیان کے مطابق اس پائلٹ منظوری کے تحت ہیوگو بینک اپنے پروڈکٹس، بینکنگ سسٹمز اور عملی تیاریوں کو ایک محدود تعداد میں صارفین کے ساتھ حقیقی ماحول میں جانچ سکے گا۔