پاکستان

مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی، رانا ثناء اللہ

  • ن لیگ نے مظفرآباد میں 4 جبکہ مہاجرین کی 10 نشستیں جیت لیں، وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور کی پریس کانفرنس
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 رکنی ایوان میں مسلم لیگ (ن) اب تک 23 نشستیں جیت چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کی سات نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے چار جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تین نشستیں حاصل کیں۔ اسی طرح مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 10 جبکہ پیپلز پارٹی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہوئے۔اس موقع پر وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات جمہوریت کی فتح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے ترقی اور خوشحالی کے وعدے پورے کرے گی اور خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔