بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس صحت یاب، آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کیلئے اسکواڈ میں شامل
بنگلہ دیش کو ہفتے کے روز اس وقت تقویت ملی جب تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس پنڈلی کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ لٹن کو 13 سے 17 اگست تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
31 سالہ لٹن جون سے بائیں پنڈلی کی انجری کے باعث کرکٹ سے باہر تھے اور ابتدائی طور پر انہیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے باہر قرار دیا گیا تھا۔
ان کی واپسی بنگلہ دیش کے لیے بروقت تقویت کا باعث ہے جسے آسٹریلیا کے خلاف 23 سال بعد پہلے ٹیسٹ دورے سے قبل انجریز کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
فاسٹ بولر ناہید رانا سائیڈ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شریف الاسلام کو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔
بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے 6 سے 8 اگست تک کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔
دوسرا اور آخری ٹیسٹ 22 سے 26 اگست تک میکے میں کھیلا جائے گا۔