"سرینام" نے ہالینڈ کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی فریزر کو کوچ مقرر کر دیا
- فریزر نے 2030 کے ورلڈ کپ تک ٹیم کی قیادت کے لیے چار سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے
سرینام کے فٹبال ایسوسی ایشن نے ہالینڈ کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی ہینک فریزر کو قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ 60 سالہ فریزر نے 2030 کے ورلڈ کپ تک ٹیم کی قیادت کے لیے چار سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
پیراماریبو میں پیدا ہونے والے فریزر ہالینڈ کے قومی اسکاڈ کے علاوہ اسپارٹا روٹرڈیم، یوٹریکٹ اور فینورڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہیں ڈچ لیگ میں اے ڈی او ڈین ہاگ، وِٹیس آرنہم، اور ایف سی یوٹریکٹ جیسے معروف کلبوں کی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ لوئس وان گال کے دور میں ڈچ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
فریزر گزشتہ سال بھی سرینام کی قومی ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ وابستہ رہے، جس دوران ٹیم 2026 کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ پلے آف میں پہنچی تھی۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ان کا بین الاقوامی تجربہ اور قیادت قومی اسکاڈ کی مزید ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔