دنیا

ایران کو بھرپور جواب دیا جائے گا، اردن حملوں کے بعد ٹرمپ کی دھمکی

  • امریکی صدر نے اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کے بعد ایران کو "سخت جواب" دینے کا عزم ظاہر کردیا
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کے بعد امریکی فوج ایران کو ”سخت جواب“ دے گی۔ یہ بات فاکس نیوز نے بتائی ہے۔

فاکس نیوز کے نمائندے نے ٹرمپ کے حوالے سے بتایا، ”ہم ان پر سخت حملہ کریں گے۔ انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔“ نمائندے کے مطابق امریکی صدر نے اپنے مؤقف پر زور دینے کے لیے سخت الفاظ بھی استعمال کیے اور کہا، ”ہم انہیں بھرپور سبق سکھائیں گے۔“

ٹرمپ نے کہا کہ عراق کے اندر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے خلاف رات گئے کیے گئے امریکی اور سعودی فضائی حملے بغداد حکام کی مشاورت سے کیے گئے تھے۔

فاکس نیوز کے نمائندے نے امریکی صدر سے گفتگو کے بعد بتایا، ”ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان حملوں کو عراقی حکومت کے ساتھ مربوط کیا گیا تھا۔“

ٹرمپ کا یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عراق کے ایوانِ صدر نے امریکی اور سعودی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ”عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی“ قرار دیا ہے۔