مارکٹس

فیڈرل ریزرو کے شرح سود پر فیصلے سے قبل سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی

  • اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,021.87 ڈالر فی اونس رہی
شائع اپ ڈیٹ

عالمی منڈی میں بدھ کے روز سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی جبکہ امریکی ڈالر ایک ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا۔ سرمایہ کاروں کی نظریں امریکی مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کے پالیسی فیصلے پر مرکوز ہیں، جس سے مہنگائی اور شرح سود کے آئندہ راستے کے بارے میں اشارے ملنے کی توقع ہے۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 4,021.87 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ اگست میں ڈلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچر 0.4 فیصد کمی کے بعد 4,021.70 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔

فیڈرل ریزرو اپنا دو روزہ اجلاس بدھ کو مکمل کرے گا اور توقع ہے کہ شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔ فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ میں 70 فیصد امکان ہے کہ شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، جبکہ 30 فیصد امکان کم از کم 25 بیسس پوائنٹس اضافے کا ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ستمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات 76 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب بینک آف انگلینڈ اور بینک آف جاپان سے بھی توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بالترتیب جمعرات اور جمعہ کو اپنی شرح سود برقرار رکھیں گے، تاہم بڑھتی ہوئی مہنگائی پر محتاط مؤقف اختیار کریں گے۔

امریکی ڈالر کی مضبوطی نے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا مہنگا کر دیا، جس سے قیمتی دھات کی طلب پر دباؤ آیا۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے گئے۔

دریں اثنا جرمن بینک کامرز بینک نے سال کے اختتام پر سونے کی قیمت کی پیش گوئی کم کرکے 4,500 ڈالر فی ٹرائے اونس کر دی ہے، جبکہ چاندی کی قیمت 67 ڈالر فی ٹرائے اونس تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ سلور 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 57.20 ڈالر، پلاٹینم 1,605.96 ڈالر پر پہنچ گیا، جبکہ پیلیڈیم 0.1 فیصد کمی کے بعد 1,268.35 ڈالر فی اونس رہا۔