مون سون کی بارشوں کے بعد بھارت میں فصلوں کی کاشت تیز
- کیرالہ میں مون سون کی سالانہ بارشیں شروع ہوتے ہی کسان عموماً جون اور جولائی کے دوران گرمائی فصلوں کی کاشت شروع کر دیتے ہیں
بھارت میں مون سون کی بارشوں کی بحالی سے کپاس، سویا بین اور چاول جیسی گرمائی فصلوں کی کاشت میں تیزی آ گئی ہے، جس سے کم بارشوں کے باعث پیدا ہونے والا ابتدائی خسارہ نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔
وزارتِ زراعت و فلاحِ باہمی کے اعداد و شمار کے مطابق 24 جولائی تک کسانوں نے 7 کروڑ 87 لاکھ ہیکٹر رقبے پر فصلیں کاشت کی ہیں، جبکہ گزشتہ برس یہ رقبہ 8 کروڑ 26 لاکھ ہیکٹر تھا۔ چاول کا زیرِ کاشت رقبہ گزشتہ سال کے 2 کروڑ 40 لاکھ ہیکٹر کے مقابلے میں کم ہو کر 2 کروڑ 34 لاکھ ہیکٹر رہا ہے۔جون کے آخر میں فصلوں کی کاشت پچھلے سال کے مقابلے میں چوتھائی حد تک کم تھی، لیکن اب یہ خسارہ گھٹ کر 5 فیصد سے بھی کم رہ گیا ہے۔ بارشوں میں بہتری کے بعد بھارتی مون سون کا مجموعی خسارہ 40 فیصد سے کم ہو کر 16 فیصد پر آ گیا ہے۔
سویا بین کی کاشت میں 3 فیصد، مکئی میں 9.7 فیصد اور کپاس کے رقبے میں 4 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ گنے کا زیرِ کاشت رقبہ 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 57 لاکھ 60 ہزار ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے۔