نیویارک کے کوئنز میں خوفناک آتشزدگی، 21 افراد زخمی
- حکام کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں ہفتے کے روز لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 19 فائر فائٹرز بھی شامل ہیں۔
نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے فلشنگ کے علاقے میں کالج پوائنٹ بلیوارڈ کے قریب ایک رہائشی مکان میں لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دو ملحقہ عمارتوں تک پھیل گئی۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کسی بھی زخمی کی جان کو فوری خطرہ لاحق نہیں، تاہم پانچ فائر فائٹرز کو درمیانے سے شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آگ لگنے والے مکان میں پھنسے متعدد رہائشیوں کو امدادی اہلکاروں نے بحفاظت باہر نکال لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں بڑی تعداد میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔