مارکٹس

اسٹیٹ بینک نے مالی سال 2026-27 کے لیے پرائمری ڈیلرز مقرر کردیے

  • مالی سال 2025-26 کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے تین پرائمری ڈیلرز میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ، نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک الفلاح لمیٹڈ شامل
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مالی سال 2026-27 کے لیے پرائمری ڈیلرز اور اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز کے تقرر کا اعلان کردیا ۔

اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کے لیے تمام اہل اداروں سے پرائمری ڈیلرز اور اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز کے انتخاب کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔ قواعد و ضوابط میں مقررہ معیار کے مطابق تمام درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد 10 مالیاتی اداروں کو پرائمری ڈیلرز جبکہ دو اداروں کو اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ، نیشنل بینک آف پاکستان ، بینک الفلاح لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، دی بینک آف پنجاب، پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، جے ایس بینک لمیٹڈ اور سٹی بینک این اے پاکستان برانچ کو پرائمری ڈیلرز مقرر کیا ہے۔

اس کے علاوہ سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سی ڈی سی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) کو اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز منتخب کیا گیا ہے۔

مالی سال 2025-26 کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے تین پرائمری ڈیلرز میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ، نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک الفلاح لمیٹڈ شامل ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025-26 میں دیگر تمام پرائمری ڈیلرز اور اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز کی کارکردگی کی درجہ بندی علیحدہ خطوط کے ذریعے متعلقہ اداروں کو آگاہ کی جائے گی۔