مارکٹس

مہنگائی کے امریکی اعدادوشمار سے قبل سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ

  • اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 4,013.93 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا،
شائع اپ ڈیٹ

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں منگل کو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم سیشن کے آغاز میں قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح تک گر گئی تھیں۔ سرمایہ کاروں کی نظریں امریکا میں مہنگائی کے اہم اعدادوشمار پر مرکوز ہیں، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے نے فیڈرل ریزرو کی جانب سے مزید شرح سود بڑھانے کی توقعات کو تقویت دی ہے۔

اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 4,013.93 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچر 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4,020.80 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتے رہے۔

پیر کے روز سونے کی قیمت میں تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو ایک ماہ سے زائد عرصے میں سب سے بڑی یومیہ گراوٹ تھی۔ اس کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جھڑپوں کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں کا ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ سونا روایتی طور پر مہنگائی سے بچاؤ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، لیکن بلند شرح سود غیر منافع بخش دھات کی کشش کو کم کر دیتی ہے کیونکہ سرمایہ کار سود دینے والے اثاثوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

ٹیسٹی لائیو کے عالمی میکرو شعبے کے سربراہ ایلیا اسپیواک نے کہا کہ سرمایہ کار فی الحال بڑے معاشی واقعات کے باعث محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق فیڈ چیئرمین کیون وارش کی کانگریس میں گواہی، امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال مارکیٹ کی سمت کا تعین کریں گے۔

ادھر فیڈ گورنر کرسٹوفر والر نے کہا ہے کہ اگر مہنگائی 2 فیصد کے ہدف سے نمایاں بلند رہی تو آئندہ دنوں میں شرح سود مزید بڑھانا پڑ سکتی ہے۔

دوسری جانب اسپاٹ چاندی 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 57.60 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 1,597.52 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1,254.82 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔