پی آئی اے کے نئے سی ای او تیوولڈے گیبریمریم کے بارے میں 5 اہم باتیں
- ان کی تقرری پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد عمل میں آئی
پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے ایتھوپین ائرلائنز کے سابق چیف ایگزیکٹو تیوولڈے گیبریمریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) منتخب کرلیا ہے۔
تیوولڈے گیبریمریم کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نئے مالکان کی اس حکمتِ عملی پر عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کریں گے جس کا مقصد پی آئی اے کی آپریشنل کارکردگی بحال کرنا اور اسے علاقائی و بین الاقوامی ایوی ایشن مارکیٹوں میں مزید مضبوط مقام دلانا ہے۔
تیوولڈے گیبریمریم ٹیسفائے کون ہیں؟
انہوں نے 1985 میں ایتھوپین ایئرلائنز میں شمولیت اختیار کی اور کارگو ڈویژن میں مختلف عہدوں پر ترقی کرتے ہوئے کارگو ٹریفک ہینڈلنگ کے منیجر کے منصب تک پہنچے۔
بعد ازاں انہوں نے بھارت، سعودی عرب اور امریکہ میں اہم بین الاقوامی ذمہ داریاں انجام دیں۔ 2004 میں انہیں ایگزیکٹو آفیسر مارکیٹنگ اینڈ سیلز اور 2006 میں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مقرر کیا گیا۔
یکم جنوری 2011 سے انہوں نے ایتھوپین ایئرلائنز کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ اس دوران وہ متعدد قومی اور بین الاقوامی اداروں میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
انہوں نے معاشیات میں بیچلر (بی اے) اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز (ایم اے) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر اپنے دورِ ملازمت کے دوران انہیں متعدد ممتاز اور باوقار اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
تیوولڈے گیبریمریم کو ایتھوپین ایئرلائنز کو اپنے بین الاقوامی روٹس کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی بنانے اور ادیس ابابا کو ایک اہم علاقائی و بین الاقوامی فضائی مرکز (ایوی ایشن ہب) کے طور پر مستحکم کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔
ان کی تقرری پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد عمل میں آئی جس کے تحت شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ کی تمام شرائط پوری ہونے کے بعد انتظامی کنٹرول عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے حوالے کر دیا گیا۔