مارکٹس

ٹیکس کٹوتی کا نیا نظام متعارف، ڈیجیٹل ادائیگی پر بڑی رعایت

  • ہوٹل اور ریسٹورنٹ سیکٹر میں کیش ادائیگی پر 16 فیصد اور ڈیجیٹل ادائیگی پر 8 فیصد ٹیکس کٹوتی ہوگی
شائع اپ ڈیٹ

پنجاب حکومت نے ٹیکس کٹوتی کا ایک نیا آسان ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنا اور صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

حکام کے مطابق نئے میکانزم کے تحت ای پیمنٹس (آن لائن ادائیگیوں) اور کارڈ ٹرانزیکشنز کے ذریعے جمع ہونے والا سیلز ٹیکس اب براہِ راست حکومت کو منتقل ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ٹیکس وصولی میں شفافیت اور کارکردگی کو نمایاں طور پر بڑھائے گا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ بیوٹی پارلرز، سیلونز اور فیشن ڈیزائنرز کی خدمات پر سیلز ٹیکس 5 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ کاسمیٹک سرجری، پلاسٹک سرجری، جلد کے علاج اور لیزر ٹریٹمنٹ سینٹرز بھی اسی 5 فیصد ٹیکس کے زمرے میں آئیں گے جبکہ ایونٹ مینجمنٹ سروسز، ٹور آپریٹرز، جم اور لانڈری سروسز پر 8 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔

ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے شعبے میں نیا ڈھانچہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے ایک واضح ترغیب فراہم کرتا ہے۔ نقد ادائیگی کرنے والے صارفین سے 16 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا جبکہ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سمیت ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کرنے والوں پر صرف 8 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا جس سے کیش لیس ٹرانزیکشنز پر ٹیکس کی شرح نصف رہ جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ عوام سے جمع کیا گیا ٹیکس ریونیو حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی فنڈنگ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جہاں ممکن ہو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا انتخاب کریں اور ہمیشہ درست ٹیکس انوائس (رسید) طلب کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ فنڈز شفاف اور محفوظ طریقے سے حکومتی خزانے میں منتقل ہوں۔

عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی فوڈ آؤٹ لیٹ یا سروس پرووائیڈر کی رپورٹ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو کریں جو درست ٹیکس رسید جاری کرنے میں ناکام رہے۔