ملتان نے سالانہ ٹیکس ہدف سے زائد ریکارڈ 104 فیصد ریکوری کر لی
- محکمہ ایکسائز کی سالانہ رپورٹ کے مطابق موٹر وہیکل ٹیکس وصولیوں میں سرفہرست رہا، ہدف سے 123 فیصد یعنی 3.38 ارب روپے وصول کیے گئے
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ملتان ڈویژن نے مالی سال 26-2025 کے دوران 5.15 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 5.37 ارب روپے جمع کرکے 104 فیصد ریکارڈ ٹیکس وصولی کرلی۔
محکمے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق موٹر وہیکل ٹیکس سب سے کامیاب رہا، جس میں 2.75 ارب روپے کے ہدف کے برعکس 3.38 ارب روپے (123 فیصد) وصول کیے گئے۔ پراپرٹی ٹیکس سے 1.64 ارب روپے، ایکسائز ڈیوٹی سے 15 کروڑ روپے، لگژری ہاؤس ٹیکس سے 7.1 کروڑ روپے، پروفیشنل ٹیکس سے 10.9 کروڑ روپے اور ہائی وے ٹیکس سے 5.42 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔
ڈسٹرکٹ وائز ریکوری میں وہاڑی اور خانیوال 107 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ ملتان نے 104 اور لودھراں نے 103 فیصد ہدف حاصل کیا۔ ڈائریکٹر ایکسائز افتخار احمد بھلی نے اس کامیابی کو عملے کی محنت اور ڈیجیٹل اصلاحات کی بدولت ٹیکس دہندگان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا۔