دنیا

بھارت: کیپ جیمینائی ڈے کیئر میں مبینہ بدسلوکی، خاتون گرفتار

  • الزام ہے کہ بنگلورو کے ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کے ساتھ جسمانی اور ذہنی بدسلوکی کی جاتی تھی
شائع اپ ڈیٹ

بھارتی پولیس نے فرانسیسی آئی ٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کیپ جیمینائی کے بھارتی یونٹ میں قائم چائلڈ کیئر سہولت میں بچوں سے مبینہ بدسلوکی کے الزامات کے بعد ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید چار مشتبہ افراد کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے جمعہ کے روز بتائی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ تحقیقات اس وقت شروع کی گئیں جب انہیں ایسی معلومات اور ویڈیوز موصول ہوئیں جن میں مبینہ طور پر بنگلورو کے ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کو جسمانی اور ذہنی بدسلوکی کا نشانہ بنتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ یہ شکایت 29 جون کو درج کی گئی تھی اور رائٹرز نے اس کا جائزہ لیا ہے۔

شکایت کے مطابق یہ معلومات چائلڈ ہیلپ لائن کے ذریعے موصول ہوئیں، جبکہ روتے ہوئے بچوں کی ویڈیوز واٹس ایپ پر بھی شیئر کی گئیں۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کیپ جیمینائی کے بنگلورو کیمپس میں قائم ڈے کیئر سینٹر میں عملے نے زیرِ کفالت بچوں کو جسمانی طور پر ہراساں کیا اور خوفزدہ کیا، جن میں روتے ہوئے بچوں کو یہ دھمکی دینا بھی شامل تھا کہ انہیں واشنگ مشین میں ڈال دیا جائے گا، جبکہ انہیں دیگر اقسام کی بدسلوکی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

کیپ جیمینائی نے کہا ہے کہ ڈے کیئر سہولت ایک بیرونی سروس فراہم کنندہ کے زیرِ انتظام تھی اور تحقیقات کے دوران اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

بنگلورو پولیس کے مطابق یہ ڈے کیئر سینٹر لٹل اسکالرز نامی ایک کمپنی چلا رہی تھی۔ رائٹرز فوری طور پر اس کمپنی سے تبصرے کے لیے رابطہ نہیں کر سکا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار خاتون سے اس وقت رابطہ ممکن نہیں کیونکہ وہ پولیس حراست میں ہے، جبکہ دیگر چار افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کیپ جیمینائی انڈیا، فرانس میں قائم کمپنی کیپ جیمینائی کا ذیلی ادارہ ہے، جو آئی ٹی کنسلٹنگ اور آؤٹ سورسنگ کے شعبے میں سرگرم ہے۔ اس کے دنیا بھر میں 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور یہ 50 سے زیادہ ممالک میں خدمات فراہم کرتی ہے۔ یہ کمپنی مختلف صنعتوں کے لیے کلاؤڈ، مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل سروسز مہیا کرتی ہے۔