پاکستان اور ترکیہ کا سمندری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- یہ اتفاق رائے استنبول میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا
پاکستان اور ترکیہ نے سمندری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے اقتصادی روابط کے فروغ، جدید انفراسٹرکچر کی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے استنبول میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری اور ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجودہ تعاون کا جائزہ لیا اور سمندری امور، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس کے شعبوں میں اشتراک کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطوں اور مؤثر ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں وزرا نے تجارت کے فروغ، علاقائی روابط میں بہتری اور طویل المدتی معاشی ترقی کے لیے سمندری انفراسٹرکچر اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے پائیدار ترقی کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سمندری و ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تعاون میں مزید اضافہ پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا اور خطے کی مشترکہ خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دونوں جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ اسٹرٹیجک شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔