کھیل

ورلڈ کپ میں رونالڈو اور موڈرچ بڑھتی عمر کے اثرات سے لڑنے کے لیے کوشاں

  • پہلی بار 40 سال سے زائد عمر کے دو آؤٹ فیلڈ اسٹارز آمنے سامنے، شاندار ماضی کے بعد ٹیم پر بوجھ بننے کے الزامات کا سامنا
شائع July 1, 2026 اپ ڈیٹ July 1, 2026 01:29pm

پرتگال اور کروشیا کے درمیان جمعہ کو ہونے والے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو اور لوکا موڈرچ تاریخ رقم کریں گے، جہاں پہلی بار 40 سال سے زائد عمر کے دو آؤٹ فیلڈ کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے۔ تاہم دونوں فٹبالرز کو اب اس تنقید کا سامنا ہے کہ آیا ان کا الیون میں شامل رہنا ٹیم کے لیے مددگار ہے یا بوجھ ہے۔

ریال میڈرڈ کے یہ سابق ساتھی طویل عرصے تک بڑھتی عمر کے اثرات پر حاوی رہے، لیکن اب ان کے کھیل میں زوال واضح ہے۔ 41 سالہ رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف دو گول کرکے چھ ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز ضرور پایا، مگر کولمبیا اور کانگو کے خلاف وہ بے اثر رہے، جس سے ناقدین کے مطابق کوچ رابرٹو مارٹنیز ان کی انا بچانے کے لیے نوجوان ٹیلنٹ کو ضائع کر رہے ہیں۔

دوسری جانب 40 سالہ موڈرچ بھی انگلینڈ کے خلاف میچ میں سست رفتار دکھائی دیے اور پنالٹی کا سبب بنے۔ تاہم پنامہ کے خلاف فتح کے ساتھ انہوں نے اپنے 200 بین الاقوامی میچز مکمل کیے۔ اس میچ کے فاتح کا سامنا اگلے مرحلے میں اسپین سے ہوگا جبکہ ہارنے والے عظیم فٹبالر کا ورلڈ کپ سفر ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔