کاروبار اور معیشت

سانگھڑ سے تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا

  • کنویں کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، اوجی ڈی سی ایل
شائع June 30, 2026 اپ ڈیٹ June 30, 2026 12:45pm

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے منگل کو سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع چک کے مقام پر ایک نئے کنویں چک 63-05 کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی نے اس اہم پیشرفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیداواری آزمائش کے دوران 32/64 انچ چوک کے ذریعے کنویں سے یومیہ 600 بیرل خام تیل اور 10.5 ملین معیاری مکعب فٹ گیس (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) حاصل ہوئی جبکہ کنویں کا فلوئنگ پریشر2,580 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا۔

نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ اس کنویں کی کھدائی 20 اپریل کو شروع کی گئی تھی اور اسے 3,325 میٹر تک کھود کر میسیو سینڈ ذخائر تک پہنچایا گیا۔

اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا گیا کہ اس کنویں کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔

نوٹس کے مطابق او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر اس لیز میں 62.5 فیصد ورکنگ انٹرسٹ (حصص) رکھتی ہے جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور اورینٹ پیٹرولیم انک لمیٹڈ کے پاس بالترتیب 22.5 فیصد اور 15 فیصد حصص ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ چک 63-05 سے پیداوار مقامی ہائیڈرو کاربن کی سپلائی میں اضافے پاکستان کی توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانے اور اپنے اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار ترقی اور طویل مدتی قدر پیدا کرنے کے لیے او جی ڈی سی ایل کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گی۔