مارکٹس

سونا مسلسل چوتھے ماہ گراوٹ کی جانب گامزن

  • اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.5 فیصد کمی کے بعد 3,957.74 ڈالر فی اونس پر آ گئی
شائع June 30, 2026 اپ ڈیٹ June 30, 2026 09:27am

عالمی منڈی میں منگل کو سونے کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ قیمتی دھات مسلسل چوتھے ماہ ماہانہ خسارے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی میں نسبتاً کمی اور امریکہ میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات نے سونے پر دباؤ بڑھا دیا۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.5 فیصد کمی کے بعد 3,957.74 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ ماہانہ بنیاد پر اس میں تقریباً 12.7 فیصد کمی متوقع ہے۔ اگست کی ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 1.7 فیصد گر کر 3,971.60 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔ دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں ماہانہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

ادھر ایران اور امریکہ کے مذاکراتی وفود کی اس ہفتے دوحہ میں ممکنہ ملاقات کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ایران نے پیر کو واضح کیا کہ ابھی تک کسی ملاقات کا شیڈول طے نہیں ہوا۔ ہفتے کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان میزائل حملوں نے چار ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی عبوری جنگ بندی کو بھی آزمائش میں ڈال دیا۔

دوسری جانب امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیڈرل ریزرو کی گورنر لیزا کُک کو برطرف کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جسے مرکزی بینک کی خودمختاری کے لیے اہم فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مارکیٹ میں اس سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے تین مرتبہ شرح سود بڑھانے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ سرمایہ کار اب جون کے روزگار اور نان فارم پے رولز کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو امریکی مرکزی بینک کی آئندہ پالیسی کے بارے میں مزید اشارے فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ تینوں دھاتیں بھی ماہانہ خسارے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔