قائد اعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 3 گنا بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی
- پی سی بی نے کراچی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور انفرااسٹرکچر کے لیے 6.7 ارب روپے مختص کر دیے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صدارت میں منعقدہ اپنے 84 ویں اجلاس کے دوران متفقہ طور پر نئے مالی سال 2026-27 کے لیے سرپلس بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کی ترقی، انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد تاریخی مالیاتی اور ساختی اصلاحات کی منظوری دی۔اہم فیصلوں میں بورڈ آف گورنرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے بجٹ کی منظوری دی اور لیگ کو مکمل انتظامی و مالیاتی خود مختاری دینے کی تجویز کو بھی ہری جھنڈی دکھا دی۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے شرکاء کو نئے منظور شدہ مالیاتی خاکے کے خدوخال اور اہم اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔
گراس روٹ کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں 1 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی اخراجات 3 ارب روپے سے بڑھ کر 4 ارب روپے ہو گئے ہیں۔ مزید برآں بورڈ نے آئندہ سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے ترمیمی فارمیٹ اور ادائیگی کے ڈھانچے کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی اضافے کی منظوری دی۔
ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے بڑے مالی فائدے کا اعلان کرتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی کی میچ فیس 30,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 (ایک لاکھ) روپے فی میچ کر دی گئی ہے۔ ریزرو (اضافی) کھلاڑیوں کی میچ فیس بھی 15,000 روپے سے بڑھا کر 50,000 روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ آف گورنرز نے خواتین کے خصوصی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے فنڈز مختص کیے، ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم اجرت 42,000 روپے مقرر کی اور ملک بھر میں مزید 12 کرکٹ گراؤنڈز کو فعال کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری دی۔
انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے پی سی بی نے کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم اور دیگر مقامات کی اپ گریڈیشن کے لیے 6.7 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جدید ترین بائیو مکینکس مشین نصب کرنے کے لیے بھی فنڈز الگ رکھے گئے ہیں۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے گزشتہ سیشن میں کیے گئے فیصلوں کی باقاعدہ توثیق کی گئی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران انور غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک نے شرکت کی۔ اس موقع پر لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور دیگر سینئر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔